سنتِ نبویﷺکی اہمیت

 مُحّب  کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اس کا محبوب بھی اسے چاہے اس سے محبت کرے ۔اپنے رب سے محبت اگر ہماری خالص ہوگی تو ہمارے دل میں بھی یہ آرزو یقیناً ہوگی کہ ہم بھی اسکی محبت کے لائق بن جائیں اس کی محبت ہمیں حاصل ہوجائے،اس کا قُرب نصیب ہو اس سے ربط مضبوط ہو جائے، تو جو شخص یہ چاہتا ہے کہ اللہ رب العزت کی نگاہ میں وہ محبوب بندہ بن جائے تو اس کے لیے ضروری ہے کہ وہ سنّت کی پیروی کرے۔ کیوں کہ اللہ رب العزت فرماتا ہے۔

" کہہ دیجئے اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری تابعداری کرو خود اللہ تعالی تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہ معاف فرما دے گا اور اللہ بڑا بخشنے والا ہے"(آل عمران۳۱)

 سنتِ نبویﷺ کی اہمیت،فرضیت فضیلت کو جاننے سے پہلے ضروری ہے کہ سنت  کے اصطلاحی مفہوم کو جانا جائے۔ لفظ سنت کے لغوی معنی ہیں "طریقہ"۔سنت نبویﷺ یعنی "رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا طریقہ"۔

 آپﷺ کی حیات طیبہ کے تمام اعمال میں آپﷺ کا ہروہ طریقہ  جو آپ نے اپنایا اور زندگی کے تمام امور جس طریقے سے انجام دیے اسی طریقیت کے مطابق ہمیں اپنی زندگی کو ڈھالنا سنت کی پیروی کرنا ہے۔

 اتّباعِ سنت، سنت کی پیروی کتنی ضروری ہے اس کی اہمیت اللہ عزوجل نے خود ظاہر کردی ارشاد باری تعالی ہے۔

"سو جو چیز تم کو پیغمبر دیں وہ لے لو اور جس سے منع کریں (اس سے) باز رہو۔الحشر۷۔

 اتّباعِ رسولﷺ، اتّباع قرآن ہے۔ یعنی اطاعت رسولﷺ اللہ عزوجل کی اطاعت ہے۔ اللہ نے رسول اکرمﷺ کو اسی لیے بھیجا ہے تاکہ ہم ان کی پیروی کریں۔ آپ ہمارے لئے عملی نمونہ ہیں۔آپکی زندگی کے ہر پہلو ہر شعبے میں خواہ وہ کوئی بھی معاملات و مسائل سے متعلق کیوں نہ ہو  انفرادی،اجتمائی،خانگی،ملی،سیاسی معاشرتی ،اخلاقی سب میں ہمارے لئے شمعِ ہدایت ہے  آپ کی سیرت،سنت اور اسوہِ حسنہ کامل اور بہترین ہیں۔ آپ نے جیسا کرنے کا حکم دیا اور کر کے دکھلایا وہ طریقہ بہترین طریقہ ہے اس سے اچھا کوئی اور ہو بھی نہیں سکتا کیونکہ یہ وہ طریقہ ہے جسے  خالقِ کائنات(جس  کی حکمت کامل علم کامل ہے)نے انہیں بتایا۔اور آج سائنس بھی لاتعداد تجربات و تحقیقات کے بعد ہر اس طریقے کو صحیح ثابت کررہی ہے جس کی تعلیم آپﷺ نے چودہ سو سال پہلے دی۔

 حضرت سفیان ثوری فرماتے ہیں کہ کوئی بھی قول اور عمل اور نیت ٹھیک نہیں جب تک رسول ﷺکے طریقے کے مطابق نہ ہو۔ لہذا سنت نبویﷺ کی پیروی میں ہماری بھلائی ہے ،دونوں جہاں کی کامرانی وکامیابی ہے۔ اتّباع سنت سے مال و وقت میں برکت آتی ہے راحت اور چین نصیب ہوتا ہے۔ گناہ بخش دئیے جاتے ہیں۔۔ نہ صرف خدا کی محبت ورضا اور قُرب حاصل ہوتا ہے بلکہ اللہ عزوجل اپنے بندوں کے دلوں میں بھی اتّباع سنت کی وجہ سے تعظیم محبت و احترام ڈال دیتا ہے ،عزتیں نصیب ہوتی ہیں، دائمی و اخروی  کامیابی مقدر کر دی جاتی ہیں جو کہ اس کا وعدہ ہے۔ ارشادِ باری تعالی ہے " جو شخص  اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے گا وہ بڑی کامیابی کو پہنچے گا". الاحزاب۷۱

 ایک مسلمان کو جس طرح قرآن کی احکامات پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے بالکل اسی طرح سنت کی اتباع بھی لازم ہے۔ امام مالک رحمہ اللہ نے سنت نبویﷺ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے فرمایا "سنت کی پیروی حضرت نوح علیہ السلام کی کشتی کی طرح ہے جو اس میں سوار ہوا اس نے نجات پائی اورجو رہ گیا وہ غرق ہوگیا". یعنی فلاح آپ کے قول،اعمال،اور احکامِ شریعت اور،سنت کے سانچے میں خود کو ڈھالنے میں، ، آپ کی زندگی کے مطابق زندگی گزارنے میں ہے آپؐ نے جو فرمایا کرو ہمیں اسے اپنانا ہے جسے آپؐ نے حکم دیا رک جاؤ اس سے پیچھے ہٹ جانا ہے۔ آپﷺ تمام انبیائے کرام میں نبیوں کے وہ سردارِ اعلٰی اور محبوبِ خداﷻ ہیں۔  جنھیں اپنی امت سے بے پناہ محبت تھی،  جن کے غم میں آپؐ تڑپتے تھے   امت کی بخشیش کی فریاد دن ،رات کرتے تھے۔

 آپؐ کی محبت امتِ محمدیہﷺ کے دلوں میں الحمدللہ آج بھی قائم ہے، مگر اس محبت کا تقاضا ہے ہم وہ کریں جو آپؐ نے فرمایا اور اس طرح کریں جیسے آپؐ نے کر کے دکھایا ہے۔ ثواب کی حیثیت سے تو کریں لیکن کیا خوب ہو کہ آپؐ کی چاہت میں کریں، اطاعت میں کریں۔ شفاعت کے لیے اور  آپکی خوشنودی کےحصول کے لیے کریں۔ محبت کی دلیل یہ ہے کہ ہم آپ کی زندگی کو اپنی زندگی بنا لیں۔ سادگی اپنائیں اسراف نہ کریں ۔ آپ کی پسند کو اپنی پسند ،اور  ناپسنددیدگی کو اپنی ناپسنددیدگی بنالیں ۔بغیرسنت کی پیروی کے محبت کا دعویٰ تو کسی صورت بھی خالص نہیں اور جچتا بھی نہیں، کیا محبت ایسی نہیں ہونی چاہیے کہ ہماری چال ڈھال،قول و اعمال ونیت سے ہمارے پیارے نبیؐ کی محبت خود بخود ظاہر ہو۔ دل ان کی یاد سے لبریز ان کی محبت میں آنکھوں سے اشک جاری ہوں۔ اتباع سنت ہماری زندگیوں سے جھلکے، گواہی ہماری عقیدت و محبت کی ہمارے اعمال خود پیش کرتے ہوں۔ جب سنت سے خالی ہو زندگی تو صرف باتوں سے دلیلیں محبت کی تو ثابت نہیں ہوتی۔ اللہ عزوجل ہمارے دلوں میں سنت نبوی ﷺکی اہمیت پیدا کرکے اسے اپنانے کی سچی تڑپ وچاہت جگا دے۔

آمین

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

بے خوابی سے زیادہ سنگین اس سے متعلق پریشانی ہے۔۔؟

مہلت۔۔۔۔۔۔۔۔,

منزل نہیں ملے گی۔۔۔۔